لاہور (گلف آن لائن)نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے قائمقام چینی قونصل جنرل چاکی نے ملاقات کی جس میں محسن نقوی کے دورہ چین کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،
اس موقع پر نگران صوبائی وزرا ایس ایم تنویر،عامر میر، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ٹو سی ایم اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے،قائمقام چینی قونصل جنرل نے وزیراعلی محسن نقوی کے دورہ چین کو اہم پیشرفت قرار دیا، وزیراعلی کے دورہ چین کے دوران زرعی، انڈسٹریل اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا جائزہ لیا جائے گا،
وزیراعلی محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب کا وفد چین کے ون ونڈو آپریشن کا بھی مشاہدہ کرے گا، پنجاب میں سیڈ لیس اورنج اور چاول کے ہائبرڈ بیج کی کاشت کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا،وزیراعلی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے چین کا ون ونڈو آپریشن سسٹم دنیا بھر میں بہترین ماڈل ہے،
آئی ٹی سیکٹر میں نجی شعبے کے باہمی اشتراک کے بے شمار مواقع موجود ہیں، زراعت کے شعبے اور سموگ کے خاتمے کے لئے چین کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے،محسن نقوی نے کہا ہے کہ چین کی زرعی یونیورسٹیوں کے پنجاب کی ایگریکلچرل یونیورسٹیوں اور کالجز سے الحاق کا بھی جائزہ لیا جائے گا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائمقام چینی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ دوستوں کے لئے دروازے کھلے رکھتے ہیں، پاکستانی دوستوں کا بھرپور خیرمقدم کریں گے، وزیراعلی محسن نقوی اور ان کے وفد کے دورہ چین کے منتظر ہیں۔