anwar-ul-haq-5

امن و امان اور سرحدی صورتحال کے باعث انتخابات میں تاخیر نہیں ہو گی،نگران وزیراعظم

اسلام آباد (گلف آن لائن) نگران وزیراعظم انتخابی عمل کو بلا رکاوٹ مکمل کرایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یو این اجلاس میں شرکت کیلئے امریکہ روانگی سے قبل انٹر ویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو مشرقی اور مغربی محاذ پر خطرات کا سامنا ہے،تاہم سرحدی خطرات پر قابو پا لیں گے۔

یقین ہے کہ الیکشن کمیشن اپنا کام ایمانداری سے سر انجام دے رہا ہے،الیکشن کمیشن جلد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دے گا۔ نگران وزیراعظم نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان اور سرحدی صورتحال کے باعث انتخابات التواءکا شکار نہیں ہوں گے۔یقین ہے انتخابی عمل بلا رکاوٹ مکمل کرائیں گے۔

صدر عارف علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ دینے پر حکومت کا اعتراض بنتا نہیں،یہ مینڈیٹ نگران حکومت کا نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے۔نگران حکومت نے الیکشن میں صرف معاونت کرنی ہے،نگران حکومت انتخابات میں التواءکیلئے کوئی جواز سامنے نہیں لائے گی۔

انہوں نے عمران خان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ عمران خان کو قانونی مقدمات کے ذریعے سیاست سے باہر کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز عدالتوں میں چل رہے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی پر عائد مقدمات میں عدالتی عمل شفاف ہو گا۔پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم حکومت پر بھی سلیکٹڈ کا الزام لگتا تھا۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان کا مفاد اولین ترجیح ہے،اپنی سرزمین اور لوگوں کی حفاظت کیلئے جہاں ایکشن لینا پڑا لیں گے۔ ضرورت کے مطابق جو فیصلے لیں گے وہ نظر بھی آئیں گے۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر تجارت ہو رہی ہے،ایک پہلو غیر قانونی تجارت کا آ رہا تھا جیسے توجہ دے کر دور کیا ہے۔

قبل ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کا تعین کرنا ہمارا کام نہیں،اگر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کروں تو یہ غیر قانونی ہو گا۔ کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر کسی کو بھی پاکستان میں قیام کی اجازت نہیں،غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکیوں کو جلد ان کے ممالک میں واپس بھیجا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں