nawaz-sharif

نوازشریف کی وطن واپسی کے لیے جلسہ گاہ کا انتخاب کر لیا گیا

لاہور (گلف آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے لیے جلسہ گاہ کا انتخاب کر لیا گیا۔پارٹی کی جانب سے نوازشریف کی واپسی پر جلسہ گاہ کے لیے چار پانچ مقامات زیر غور تھے۔

پارٹی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ نوازشریف کی وطن واپسی کے موقع پر مینارِ پاکستان پر جلسہ کیا جائے گا۔نواز شریف کو بڑی ریلی کی صورت میں جلسہ گاہ لے جایا جائے گا۔نوازشریف اور پارٹی قیادت بلٹ پروف کنٹینر پر سفر کریں گے۔ نوازشریف کے لیے بلٹ پروف ٹرک بھی بنایا گیا ہے۔

نوازشریف کے لاہور پہنچنے پر داتا دربار حاضری کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ ن لیگ نے نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کیلئے انتظامی کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کو انتظامی کمیٹیوں کی نگران مقرر کیا گیا۔ن لیگ نے نواز شریف کے تاریخی استقبال کیلئے فنانس کمیٹی بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔

مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی واپسی بحرانوں کی سیاہ رات میں گھرے پاکستان کے لئے طلوع سحر ہے۔ جمعرات کو پارٹی کے سابق ارکان پارلیمنٹ، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی راہنما¶ں اور کارکنان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، تین دفعہ عوام نے محمد نواز شریف پر اعتماد کیا، انہیں وزیراعظم بنا کر ملک کی خدمت کا موقع دیا، نواز شریف نے عوام سے کئے ہر وعدے کو پورا کیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ عوام کے اعتماد پر پورا اترا اور ہر بار ملک کو بدترین بحرانوں سے نکالا، ان شاءاللہ پھر نکالیں گے، ہر غم سہ کر بھی نواز شریف کی ترجیح آج بھی عوام اور ملک کی ترقی وخوشحالی ہے، ملک کو انتقام نہیں اتحاد، امن،معاشی ترقی، غریبوں کو مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے، نواز شریف اسی ایجنڈے پر کام کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں