galil-abbas

حکومتی اقدامات سے حالات بہتر ہونا شروع ہوگئے ہیں،جلیل عباس جیلانی

لندن (گلف آن لائن) وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے حالات بہتر ہونا شروع ہوگئے ہیں، سمگلنگ رکنے سے ڈالر گر رہا ہے، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو نکالنے کا فیصلہ درست ہے،انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے،تاریخ الیکشن کمیشن دے گا،سعودی ولی عہد جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ لندن آنے کا بنیادی مقصد دولت مشترکہ کی یوتھ منسٹرز کانفرنس میں شرکت تھا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، تعلیم،روزگار بارے متعدد آئیڈیاز سامنے آئے ہیں، وزیراعظم نے نوجوانوان کی ترقی کے لئے 80ارب روپے کا فنڈ مقرر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں ماحولیاتی تبدیلیوں کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے سفارشات پر عملدرآمد کیلئے ٹاسک فورس بنادی گئی ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے پاکستان کے بھارت سے تعلقات منقطع ہیں۔

انہوں نے بتایا کہسعودی عرب کی ولی عہد محمدبن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں اہم منصوبوں بارے فیصلے کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے اقدامات سے حالات میں بہتری آئی ہے، سمگلنگ کو آہنی ہاتھوں سے روکنے کے فیصلے کے بعد ڈالر گرنا شروع ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو نکالنے کا فیصلہ درست ہے، انہیں ملک چھوڑنے کا وقت دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے مگر تاریخ الیکشن کمیشن ہی دے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں