اسلام آ باد (نیوز ڈیسک ) الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) میں رجسٹرڈ 168 سیاسی جماعتوں میں سے اب تک 107 جماعتوں نے سالانہ مالی گوشوارے جمع کرائے ہیں۔ باقی رہ جانے والی 61 جماعتوں کے لئے الیکشن کمیشن نے واضح ہدایات جاری کر دیں۔ الیکشن کمیشن کئی بار واضح کر چکا ہے کہ مالی گوشوارے جمع نہ کرانے والی سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ نہیں کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلز پارٹی، ن لیگ، پی ٹی آئی ،ایم کیو ایم پاکستان، عوامی نیشنل پارٹی، جمیعت علمائے اسلام، باپ، بی این پی ، نیشنل پارٹی و دیگر نے مالی گوشوارے جمع کرا دیئے ہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ ، راہ حق پارٹی اور عوامی مسلم لیگ سمیت 61 جماعتوں نے تاحال سالانہ مالی گوشوارے جمع نہیں کروائے۔ الیکشن کمیشن نے مالی گوشوارے جمع کروانے کے لئے حتمی تاریخ 31 دسمبر مقرر کر رکھی ہے۔ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ تمام سیاسی جماعتوں کو مالی گوشوارے جمع کرانا لازمی ہیں۔