کھجور

فیصل آباد،پاکستان سے متعدد ممالک کو کھجورکی برآمدات جاری

مکوآنہ (گلف آن لائن)پاکستان سے آسٹریلیا، بنگلہ دیش، کینیڈا، یونان، ڈنمارک، بھارت، جرمنی،نیپال، سپین،سری لنکا، امریکا، فرانس اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک کو کھجورکی برآمدات جاری ہے جبکہ جدید پیداواری ٹیکنالوجی اپناکر اس کی پیداوار میں مزید اضافہ کرکے نہ صرف ملکی ضرورت پوری کی جاسکتی ہے بلکہ برآمدات کو مزید بڑھاکر اور زیادہ قیمتی زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین اثمار، ڈیٹ پام و زراعت نے بتایا کہ پنجاب میں کھجور کی کاشت کا رقبہ 90ہزارہیکٹر ہو گیاجبکہ باغبان زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کھجورکاشت کرکے بہترین پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں کھجورکی کاشت سے 570 سے 630ہزار ٹن تک سالانہ پیداوار حاصل کی جاتی ہے جبکہ اس کی اوسط پیداوار فی پو دا اڑھائی سے3 من تک ہوتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ کھجورکی فصل کیلئے خشک اور گرم مرطوب آب و ہوا کی ضرورت ہوتی ہے جس میں گرمی زیادہ اور نمی کم ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کھجورکی فصل میں سیم و تھور برداشت کرنے کی بھی صلاحیت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کھجور انسانی جسم میں نئے خلیوں کو شفاف خون فراہم کرنے اور خون کی تیاری میں بھرپورمدد فراہم کرتی ہے جس میں میگنیشیم، کیلشیم، آئرن، فاسفورس اور دیگر معدنیات، وٹامن اے، بی، سی و لحمیات اور 70سے75فیصد تک نشاستہ کے اجزا پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ باغبان کھجورکے پودے کا پودے سے فاصلہ 20سے25 فٹ تک رکھیں اورفی ایکڑ پودوں کی تعداد 90سے 110کے درمیان ہونی چاہیے۔باغبان مزیدرہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں