لاہور(گلف آن لائن) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر و معروف نیورو سرجن پروفیسر آصف بشیر نے کہا ہے کہ معاشرے سے کرپشن و بددیانتی کے خاتمے کے لئے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی اور تمام سٹیک ہولڈرز کو یکجہتی کے ساتھ اس عفریت پر قابو پانے کیلئے عملی جدوجہد کرنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالی بد عنوانی کے علاوہ اخلاقی گراوٹ اور پیشہ وارانہ کوتاہی بھی ہمارے معاشرے میں سراعیت کر چکی ہے کیونکہ اپنے فرائض منصبی پوری دیانتداری سے سر انجام نہ دینا اور دفتری اوقات میں عدم دلچسپی بھی کرپشن کی ہی ایک صورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بشیر آڈیٹوریم” پنز” میں قومی ادارہ احتساب (نیب) کے زیر اہتمام کرپشن بارے آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں پروفیسر صاحبان،نوجوان ڈاکٹرز، نرسز اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیب عمران سہیل کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آج جن معاشی اور اقتصادی مسائل کا سامنا ہے ان کی بنیادی وجہ کرپشن،اقربا پروری، رشوت ستانی اور سفارش جیسے مسائل ہیں جن کے باعث ملکی وسائل اور قومی آمدنی کا بہت بڑا حصہ ضائع ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں ملک چلانے کے لئے حکومتوں کو بیرونی امداد اور مالیاتی اداروں کی جانب دیکھنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان صرف اسی صورت میں آگے بڑھ سکتا ہے جب تمام ادارے اور عوام کرپشن کے خاتمے کیلئے کمربستہ ہو کر سنجیدہ کوششیں برؤئے کار لائیں۔
ڈائریکٹر نیب کا کہنا تھا کہ قومی ادارہ برائے احتساب اپنے مینڈیٹ کے مطابق اس جدوجہد کو آگے بڑھا رہا ہے اور مختلف تعلیمی اداروں اور سرکاری محکموں میں کرپشن بارے آگاہی کے لئے کئی سیمینار منعقد کیے جا رہے ہیں جبکہ نیورو انسٹی ٹیوٹ میں سیمینار کا انعقاد بھی اس ادارے کی اسی جدوجہد کا حصہ ہے۔
پروفیسر آصف بشیر نے نیب حکام کی جانب سے کرپشن کے خاتمے کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آگاہی مہم سے عوامی سطح پر لوگوں میں بد عنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنے میں مدد ملے گی اور ہم سب ذہنی طور پر اس امر کے لئے آمادہ ہوں گے کہ قوانین و ضوابط کے مطابق اپنے معاملات آگے بڑھائیں،کسی کو بے جا رعائیت دینے کے لئے کسی ایسے بہکاوے میں نہ آئیں جس سے کسی کی اور کی حق تلفی ہو، دفاتر کے معاملات خراب ہوں یا ہمارے قومی وسائل ضائع ہوں۔ پروفیسر آصف بشیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز قومی دھارے میں شامل تمام امور کے لئے اپنا پلیٹ فارم مہیا کرے گا اور آئندہ بھی ایسی مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی رہے گی۔