لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ مالی بد عنوانی، کرپشن، اقربا پروری اور رشوت ستانی کسی بھی معاشرے کے رستے ہوئے ناسور ہیں جن کو دور کیے بغیر معاشی و معاشرتی ترقی نا ممکن ہے لہذا نوجوان نسل کو معاشرے سے مذکورہ خرابیوں /خامیوں کے خلاف جہاد کے لئے میدان عمل میں اترنا ہوگاتاکہ ایک شفاف اور میرٹ کے اصولوں پر مبنی نظام قائم کر کے وطن عزیز کو معاشی لحاظ سے مستحکم ملک بنانے کے علاوہ قومی معیشت کو درپیش مختلف چیلنجز سے احسن طریقے سے بھی نمٹا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے قومی ادارہ برائے احتساب(نیب) کے اشتراک سے لاہور جنرل ہسپتال میں کرپشن کے خاتمے سے آگاہی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پروفیسر صاحبان،ڈاکٹرز،نرسز،میڈیکل سٹوڈنٹس، نرسنگ طالبات، اور ہیلتھ پروفیشنلز کثیر تعداد میں موجود تھے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محمد ساجد نے سیمینار کے شرکاء کو احتسابی نظام اور قوانین کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بد عنوانی کے خاتمے اور اس معاشرتی ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے نیب کی آگاہی و ٹریننگ مہم اہم ستون ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کو اپنی ذمہ داریاں دیانتداری و ایمانداری سے ادا کرنی چاہیے کیونکہ یہ ہمارا قومی فریضہ اور دینی ذمہ داری ہے۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج کا مزید کہنا تھا کہ مالی شعبے کے علاوہ ہمیں اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں بھی دیانتداری سے کام لینا چاہیے کیونکہ اپنے فرائض سے احسن طریقے سے ادائیگی بھی ہمارے ایمان کا حصہ ہے،خصوصاً بطور ایک معالج اگر ہم پوری پیشہ وارانہ لگن اور دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت مریضوں کا علاج معالجہ کرتے ہیں تو ہمارے دفتری اوقات بھی ایک عظیم عبادت بن جاتے ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا اور سرکاری شعبے میں ہی نہیں بلکہ پرائیویٹ سیکٹرز اور نجی لین دین میں بھی ہمیں ایمانداری اور دیانتداری کا حصول اپنا نا ہوگا۔انہوں نے تجویز کیا کہ اگر متعلقہ ادارے مالی ادائیگی اورلین دین کے روائتی نظام کو ڈیجیٹل سسٹم میں تبدیل کر دیں تو تمام مالی معاملات کو شفاف بنانے میں مدد ملے گی اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔
پروفیسر الفرید ظفر نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لئے نیب کی کارکردگی و خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اس جدوجہد میں اپنے قومی اداروں کا ساتھ دینا چاہیے تاکہ پاکستان کی معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہوسکے اور ہمیں مالی امداد کے لئے دنیا کی طرف نہ دیکھنا پڑے جس سے ہمارے قومی وقار میں اضافہ ہوگا۔ سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا او ر سربراہ جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محمد ساجد کو شیلڈ پیش کی اور آئندہ بھی ایسی مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کا عندیہ دیا۔