اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نواز شریف 21اکتوبر کو وطن واپس آرہے ہیں، ان کی واپسی کسی گارنٹی کا نتیجہ نہیں،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ کو واپسی کے سفر کیلئے کسی گارنٹی یا یقین دہانی کی ضرورت نہیں،
نواز شریف کی واپسی پر ضمانت کا عمل بھی ہو جائے گا، آج تک اس ملک میں کس کو حفاظتی ضمانت نہیں ملی، میں نے حفاظتی ضمانت لینے سے انکار کیا تھا،انہوں نے کہا کہ ڈالر کی حقیقی ویلیو 250روپے ہے، ستمبر 2022میں کہا تھا کہ ڈالر ریٹ 200سے کم ہونا چاہیے، ڈالر کو 250روپے کے قریب آنا چاہئے، کوئی وجہ نہیں کہ ڈالر کی قیمت واپس اوپر جائے،
انٹر بینک سسٹم اور ایکسچینج کمپنیاں ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہیں، ہمارے دور میں بھی ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف ایکشن لیا گیا تھا،اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ امید ہے آئی ایم ایف کا اگلا اقتصادی جائزہ کامیاب ہوگا، جس کے نتیجے میں پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کی قسط ملے گی، تمام قوتیں مل کر کام کر رہی ہیں، کوئی قوت مجھے ناکام نہیں کرنا چاہتی تھی، سب قوتیں مل کر کام کریں گی تو ملک آگے بڑھے گا،سابق وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو دوبارہ معاشی قوت بنا کر جی ٹونٹی میں شامل کرنا ہے، مہنگائی کے خاتمے اور عوامی مسائل حل کرنے کیلئے ہمت کی ضرورت ہے۔