فیصل آباد (نیوز ڈیسک)رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران ترکی کو پاکستان کی اشیا اور خدمات کی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 2.56 فیصد کمی ہوئی۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال (2023-24) کے پہلے دو مہینوں کے دوران ترکی کو پاکستان کی اشیا اور خدمات کی برآمدات میں 2.56 فیصد کمی ہوئی ہے،
جولائی اور اگست (2022-23) کے دوران 62.972 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں ترکی کو مجموعی طور پر 61.354 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔سال بہ سال کی بنیاد پر ترکی کی برآمدات بھی اگست 2022 کی 32.815 ملین ڈالر سے 8.99 فیصد کم ہو کر اگست 2023 میں 29.863 ملین ڈالر کی برآمدات تھیں۔دریں اثنا، ماہ بہ ماہ کی بنیاد پر اگست 2023 کے دوران ترکی کی برآمدات میں جولائی 2023 میں 31.492 ملین ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 5.17 فیصد کمی واقع ہوئی۔
مجموعی طور پر دوسرے ممالک کو پاکستان کی برآمدات میں پہلے دو ماہ میں 8.26 فیصد کی کمی دیکھی جو کہ 4.951 بلین امریکی ڈالر سے 4.541 بلین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔زیر جائزہ مہینوں کے دوران ترکی سے درآمدات گزشتہ سال 80.964 ملین امریکی ڈالر کے مقابلے میں 68.930 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔