کراچی (نیوز ڈیسک)قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کرکٹ لیجنڈ وسیم اکرم گزشتہ روز پاک بھارت میچ کے بعد سابق بھارتی کپتان اور اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی سے احمدآباد اسٹیڈیم میں شرٹ لینے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر برس پڑے ۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاک بھارت میچ کے بعد 34 سالہ ویرات کوہلی اپنی جرسی بابر اعظم کو تحفے میں دے رہے ہیں۔ویرات کوہلی نے بابر اعظم کو اپنی جرسی اس وقت تحفے میں دی جب بھارتی کھلاڑی جیت کا جشن منانے میں مصروف تھے اور ویرات کوہلی بابر کے ساتھ گپ شپ کرتے نظر آئے۔ وسیم اکرم کو بابر اعظم کا یہ عمل پسند نہ آیا اور بھارت سے ‘شرمناک شکست’ کے بعد کپتان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ جب میں نے تصویر دیکھی تو میں افسردہ ہوگیا، کیونکہ یہ دن نہیں تھا جب آپ کوہلی کی جرسیاں لیتے۔انہوں نے کہا کہ چاچا کے پتر نے کہہ دیا ہے کہ کوہلی کی ٹی شرٹ چاہیے تو میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں دی جا سکتی تھی۔گزشتہ روز کرکٹ ورلڈ کا اہم مقابلہ ہوا تھا جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں احمد آباد اسٹیڈیم میں آمنے سامنے آئی تھیں، پچھلے ورلڈکپ میچ کی طرح اس بار بھی بھارت نے ورلڈکپ میچز میں مسلسل آٹھویں مرتبہ پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی