کراچی(گلف آن لائن) پاکستان سمیت بھارت میں یکساں مقبولیت رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے سفاک اسرائیلی افواج کے ہاتھوں ظلم و ستم کے شکار فلسطینی عوام کے لیے اپنی آواز بْلند کی تو گلوکار کے بھارتی مداحوں نے اْنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔غزہ پر ہفتے سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد3000سے زائد ہو گئی جبکہ 9 ہزار 700 افراد زخمی اور 3 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
حماس کے حملوں کے بعد امریکہ اور بھارت اسرائیل کے حمایتی بن کے سامنے آئے ہیں جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے نامور فنکار اور مشہور شخصیات فلسطین کے حق میں اپنی آواز بْلند کرتے نظر آرہے ہیں۔اسرائیل فلسطین کشیدگی پر عاطف اسلم کا پیغام بھی سامنے آگیا ہے، عاطف اسلم نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں پوسٹ کی جس میں اْنہوں نے کہا کہ ‘ہزاروں معصوم فلسطینی عوام کی جانوں کے ضیاع کا بہت دْکھ ہے۔
گلوکار نے کہا کہ ‘اس مشکل وقت میں، آئیں مل کر ساتھ کھڑے ہو جائیں، اللہ پاک اپنا رحم فرما’۔اس پوسٹ پر جہاں عاطف اسلم کے مسلمان مداحوں نے فلسطین کی آزادی کے لیے آواز اْٹھائی تو وہیں بھارتی صارفین گلوکار کا یہ پیغام دیکھ کر آگ بگولا ہوگئے اور شدید تنقید کرتے ہوئے عاطف اسلم کو انسٹاگرام سے اَن فالو کرنا شروع کردیا۔پندیر نامی بھارتی مداح نے کہا کہ ‘پسندیدہ گلوکار کو انسٹاگرام سے اَن فالو کرنے کا وقت آگیا ہے۔