کراچی (گلف آن لائن)گلوکار و موسیقار اذان سمیع خان نے اپنے والد اور نامور اداکار عدنان سمیع خان کے ساتھ تعلق کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ والد کے ساتھ تعلقات خراب تھے، 15 سال کی عمر سے 29 سال کی عمر تک اپنے والد کو نہیں دیکھا۔موسیقار اذان سمیع خان نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے نوعمری کے دوران موٹاپے کے حوالے سے گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ ایٹنگ ڈس آرڈر ایسی عادت ہے جیسے کوئی انسان شراب، منشیات کا عادی ہوجاتا ہے، جس وقت میں اپنے تھراپسٹ سے علاج کروا رہا تھا تب میں کھانے میں بے ترتیبی کا شکار ہوا۔انہوں نے کہا کہ چاہے میں خوش ہوں یا اداس، میری پہلی خواہش ہوتی تھی کہ اکیلے کمرے میں بیٹھ کر صرف کھاتا رہوں، یہ بہت عام بیماری ہے جس کے بارے میں ہم بات نہیں کرتے، لیکن بیٹی پیدا ہونے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ اپنے آپ کو بدلنے کی ضرورت ہے ورنہ ہوسکتا ہے کہ ایسی حالت میں دل کا دورہ پڑ جائے۔
اذان سمیع نے اپنے والد عدنان سمیع خان کے ساتھ’ خراب تعلقات’ کے بارے میں بتایا کہ والد کے ساتھ میرے اچھے تعلقات نہیں تھے، انہیں 5 سال کی عمر سے لیکر 14 سال کی عمر تک نہیں دیکھا، پھر جب 14 سال کا تھا تو وہ میرے ساتھ ڈیڑھ سال تک رہے، پھر میں نے مزید 13 سال تک ان کا چہرہ نہیں دیکھا اور اب ایک ماہ قبل دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ والد کو جانے بغیر موسیقی واحد چیز تھی جس کے ذریعے میرا ان سے رابطہ قائم ہوا، اس لئے جب میں میوزک بناتا ہوں تو مجھے ایسے لگتا ہے جیسے والد میرے ساتھ ہیں۔یاد رہے کہ عدنان سمیع خان کو 2015 میں بھارتی شہریت دینے کا اعلان کیا گیا تھا، اب وہ وہیں مقیم ہیں۔ اذان سمیع خان ان کے بڑے بیٹے ہیں جو اداکارہ زیبا بختیار سے ہیں۔ عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار نے 1993 میں شادی کی تھی، بعدازں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔