اسلام آباد (نیوز ڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اڈیالہ جیل میں قید چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے،سابق وزیر اعظم کے توہین الیکشن کمیشن کیس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے پروڈکشن جاری ہوئے ہیں،
الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 24اکتوبر صبح 10بجے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، آئی جی پنجاب اور اسلام آباد کو پیشی کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کا حکم بھی دیا گیا ہے،دوسری جانب توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 50ہزار روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے،
الیکشن کمیشن نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے آئی جی اسلام آباد کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ آئی جی اسلام آباد فواد چودھری کو 24اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں پیش کریں کیونکہ ہدایات کے باوجود فواد چودھری کیس میں ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہو رہے،واضح رہے کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں 24اکتوبر کو چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری پر فرد جرم عائد کی جائے گی، الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم بھی جاری کر دیا۔