لاہور( گلف آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جن لوگوں سے 9مئی کی غلطی سر زد ہوئی انہیں عام معافی دلانے کیلئےکل سے مہم کا آغاز کررہا ہوں ،مجھے نہیں معلوم میں نے چالیس روز کا چلہ کس جگہ پر کاٹا ہے لیکن مجھے چلے کے دوران کسی بھی قسم کی کوئی تکلیف نہیں پہنچائی گئی ۔ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ میں ساری قوم کا، اپنی مائوں، بہنوں اوربیٹیوں کا مشکور ہوں جن کی دعائوں سے کم و بیش چالیس روزہ چلے کے بعد مجھے رہائی نصیب ہوئی ،مجھے نہیں معلوم کہ میں نے یہ چلہ کس جگہ پر کاٹا ہے لیکن مجھے چلے کے دوران کسی بھی قسم کی کوئی تکلیف نہیں پہنچائی گئی۔
اب میری زندگی کا مشن ان تمام لوگوں کو جو روپوش ہیں یا چھپے ہوئے ہیں یا جن سے 9مئی کی غلطی سر زد ہو گئی ہے یا جو بے گناہ جیلوں میں ہیںان کو عام معافی دلانا ہے۔ ساری قوم اس پرامن مشن میں میرے ٹویٹر پر میرا ساتھ دے، میں نے کبھی بھی اپنے ٹویٹر پراپیل نہیں کی لیکن آج میں پہلی مرتبہ اپیل کر رہا ہوں کہ جن لوگوں سے 9 مئی کی غلطی سرزد ہوئی ہے ان کی عام معافی کی اپیل کے مشن میںمیرا ساتھ دیں ۔شیخ رشید نے کہا کہ آج سوموار کے روز سے سے میں اس مشن کے لیے آغاز کر رہا ہوں، قوم کی دعائوں کی ضرورت ہے،انشا اللہ کامیابی ہمارا مقدر بنے گی اور اللہ ہمیں مائوں بہنوں اوربیٹیوں کی دعائوں کے صدقے اس مشن میں ضرور سرخرو کرے گا۔