کراچی (گلف آن لائن)اداکارہ اشنا شاہ نے کہا ہے کہ جب تک فلسطین آزاد نہیں ہو گا ہم چپ نہیں بیٹھیں گے، ہم یہود دشمن نہیں ،فلسطینیوں کی نسل کشی اور ان کی آواز کو دبانے کے خلاف ہیں۔کراچی میں سول سوسائٹی پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، جس میں اداکارہ اشنا شاہ نے بھی پلے کارڈ اٹھا کر شرکت اور خطاب کیا ۔وائرل ویڈیوز میں دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ اشنا شاہ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہ 1948 سے فلسطینیوں پر ظلم ہو رہا ہے، اسرائیل، اسپتالوں پر بمباری کر رہا ہے، یہ جنگ نہیں بلکہ نسل کشی ہے، یہ غیر قانونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا صرف دیکھ رہی ہے بلکہ دنیا کے سپر پاور ممالک اسرائیل کی مدد کر رہے ہیں، ان کے ہاتھوں پر معصوم فلسطینیوں کا خون ہے، مغربی میڈیا فلسطینیوں کی آواز کو دبا رہا ہے، غلط رپورٹنگ کر رہا ہے اور جو سوشل میڈیا پر فلسطینیوں کے لیے پوسٹ کرتے ہیں بین کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی، مسلم اور یہاں تک کہ یہودی بھی فلسطین کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں، نسل کشی کے خلاف ہر شخص کو سڑکوں پر نکلنا چاہیے اور صحیح تاریخ کا ساتھ دینا چاہیے اور الحمد اللہ ہم حق کے راستے پر ہیں۔
اشنا شاہ نے زور دیا کہ ہر شہری گھروں سے باہر نکلے اور فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائے، ہمیں اپنی حکومت پر بھی دبائو ڈالنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم صرف سیز فائر نہیں چاہتے بلکہ فلسطین کی حقیقی آزادی چاہتے ہیں، اس کی وہی قانونی حیثیت چاہتے ہیں جو 1948 سے قبل تھی، جب تک فلسطین آزاد نہیں ہو گا ہم چپ نہیں بیٹھیں گے۔