میاں زاہدحسین

تیل، گیس اور سرمائے کا عالمی بحران جنم لے رہا ہے،میاں زاہدحسین

کراچی(گلف آن لائن)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ حماس اور اسرائیل کی جنگ کی وجہ سے تیل، گیس اور سرمائے کا عالمی بحران جنم لے رہا ہے۔ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے انسانی المیہ دنیا کو لپیٹ میں لے رہا ہے۔ اس بحران کے نتیجے میں ترقی پزیرممالک بری طرح متاثر ہونگے اور انکے مرکزی بینک شرح سود بڑھانے پر مجبور ہوجائیں گے جس سے عالمی معیشت تیزی سے سکڑنا شروع ہوجائیگی۔

میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت درجنوں ممالک میں سرمائے کی قلت ہے جبکہ عالمی اداروں کی مالی حالت بھی اچھی نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ زیادہ قرضے دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ دوسری طرف عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھنا شروع ہوگئی ہیں اوراگرحزب اللہ میں جنگ کود پڑی توحالات مزید تشویشناک ہوجائیں گے۔ میاں زاہد حسین نیمزید کہا کہ پاکستان میں قدرتی گیس کی قیمت میں 194 فیصد تک اضافہ کیا جاچکا ہے جس کے بعد اوگرا نے ایل این جی کی قیمت میں 3.87 فیصد کا اضافہ کردیا ہے کیونکہ عالمی منڈی میں اسکی قیمت بڑھ گئی ہے۔

ان اضافوں سے پاکستان میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان جنم لے گا۔ موسم سرما میں ایل این جی کا مہنگا ہونا قدرتی ہے مگر جنگ کی وجہ سے اسکی قیمت معمول کے مقابلے میں زیادہ بڑھنے کا قوی امکان ہے۔ موجودہ حالات میں لگتا ہے کہ بہت سے ممالک کی عوام پر بدترین مہنگائی مسلط ہوجائے گی جبکہ جن ممالک میں معیشت کے ساتھ کھلواڑ، ترقی کے بارے میں مبالغہ آرائی اور نان اشوز کی گردان سیاستدانوں کا معمول ہے وہاں عوام کا جینا دشوار ہوجائیگا۔ بہت سے ممالک میں کاروبار سمٹ جائیں گے، بے روزگاری ہولناک حد تک بڑھ جائے گی اور معیشت متاثر ہونے کا عمل تیز ہوجائیگا۔

میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ عالمی بحران کے نتیجے میں بہت سے ممالک کی کرنسی کی قدر گرجائے گی جبکہ پاکستان میں جہاں ڈالر کی قدر میں ناجائز طریقوں سے زبردست اضافہ کیا گیا تھا، اسمگلنگ، مہنگائی، ذخیرہ اندوزی روز افزوں تھی اور ان حالات کو ریاستی عزم کے ذریعے کنٹرول کیا گیا تھا صورتحال دوبارہ خراب ہو سکتی ہے۔ جس سیعوام کے لئے روح اورجسم کا رشتہ برقراررکھنا مشکل ہوجائے گا۔ ہمارے حکمرانوں کو چائیے کہ حالات کے مطابق حکمت عملی بنائیں اور معیشت کو بچانے کے لئے اقدامات کریں کیونکہ معاشی حالات خراب ہونے سیعوام مزید متاثر ہوگی جبکہ ان میں اب مہنگائی کے مزید وار سہنے کی طاقت نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں