اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ صحافیوں کے خلاف جرائم کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ عصر حاضر میں صحافت کو ریاست کا اہم ستون اور جمہوریت کا بنیادی جزو مانا جاتاہے۔ صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہر سال دنیا بھر میں سینکڑوں صحافی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے شہید ہوتے اور تشدد کا نشانہ بنتے ہیں،جمہوری اور انصاف پسند معاشرے کی تشکیل کیلئے صحافی برادری کے خلاف ہونے والے جرائم کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ اور بھارت میں صحافیوں پر سرے عام ہونے والی دہشت گردی اور دنیا کے دیگر حصوں میں ہونیو الے جرائم کا نوٹس لے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پارلیمان اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھر پورکردار ادا کیا ،شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی نے صحافت پر عائد کالے قوانین کا خاتمہ کیا ،ہم آزادی صحافت اور صحافیوں کو بلا خوف و خطر اپنی صحافتی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں ۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے صحافتی برادری کی جدوجہد قابل ستائش ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کا تحفظ ہماری جدوجہد کا اہم پہلو ہے، میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لییہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔