لاہور(نیوز ڈیسک) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں فالج کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سمپوزیم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم، پروفیسر ڈاکٹر قاسم بشیر و دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں فالج سے بچاؤ بارے آگاہی پھیلانا بہت اہم ہو چکا ہے۔ انسان فالج کا شکار کسی بھی عمر کے حصے میں ہو سکتا ہے۔ پنجاب کی نگران حکومت کی سو فیصد توجہ عوامی خدمت پر مامور ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ فالج دماغ میں خون کی فراہمی معطل ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ فالج دنیا بھر میں اموات اور معذوری کی بہت اہم وجہ ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ بلڈ پریشر، کولیسٹرول، ذیابیطس کا قابو میں نہ رہنا، سگریٹ نوشی اور وزن کا بڑھنا فالج کا سبب بن سکتے ہیں۔ لاہور سمیت صوبہ بھر کی آبادی کے اعتبار سے سرکاری ہسپتالوں میں اضافہ ہونا چاہئے تھا۔پنجاب میں تقریباً دو سو سی ٹی سکین مشینیں لگا رہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ہمارا جسم اللہ پاک کی ایک امانت ہے۔
ہمیں ایک صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند طرز زندگی اپنانا ہوگا۔ صوبائی وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے آگاہی سمپوزیم کے انعقاد پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر کو شاباش دی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے کہاکہ آگاہی سمپوزیم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں آنے والے مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔