اسلام آباد(نیوز ڈیسک)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہےکہ آئین اقلیتوں اور پسماندہ علاقوں کو مساوی حقوق وترقی کے مواقع تفویض کرتا ہے، حکومت پاکستان ہر شہری کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔جمعہ کے روز نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑکی زیرصدارت سول افسران کی تعیناتیوں اور خصوصی کوٹہ پر جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس کو منعقدہ خصوصی مقابلے کے امتحان اسپیشل سی ایس ایس پر بریفینگ دی گئی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ اقلیتی اور پسماندہ علاقوں کی خالی آسامیوں کوپر کرنے کیلئے امتحانات کرائے جائیں،اقلیتوں کی امتحانات میں شمولیت پر حوصلہ افزائی کیساتھ آگاہی مہمات بھی چلائی جائیں۔انہوں نے کہاکہ آئین اقلیتوں اور پسماندہ علاقوں کو مساوی حقوق وترقی کے مواقع تفویض کرتا ہے۔
انوارالحق کاکڑنے کہا کہ حکومت پاکستان ہر شہری کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔نگران وزیراعظم نے بلوچستان سمیت دوردرازعلاقوں میں قابل افسران کی تعیناتی کیلئے پالیسی کی بھی ہدایت جاری کر دی،نگران وزیراعظم نے سول افسران کی روٹیشن پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی