لاہور (نیوز ڈیسک) سینئر اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ جب تک خود احتسابی کے مراحل سے نہیں گزریں گے کسی بھی شعبے میں بہتری نہیں آسکتی ،تنقید ضرور ہونی چاہیے لیکن اس میں اصلاح کا پہلو ہو ،اگر اسکرپٹ کے لئے موضوعات کی بات کی جائے تو اس کی کوئی کمی نہیں ہے صرف توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ لکھنے والے موجودہ زمانے کے مطابق ضرور کردار لکھیں لیکن اس میں اپنی نئی نسل کو سبق بھی ملنا چاہیے ۔
پی ٹی وی کے ڈراموں میں ہرطبقے کیلئے اصلاح کا پہلو ہوتا تھا اور ہم نے اس کے اثرات بھی دیکھے ہیں، آج بھی ڈرامے میں اصلاح کا پہلو ہوگا تو اس کے اثرات نظر آئیں گے ۔ نعمان اعجاز نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ لاہور میں بہترین سے بہترین رائٹر ،ڈائریکٹر اور اداکار موجود ہیں مگر ان کی صلاحیتوں سے کیسے فائدہ اٹھانا ہے اس کیلئے سوچ بچار کرنے کی ضرور ت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنقید ضرور ہونی چاہیے لیکن اس میں حسد اور بغض نہ ہو تو یہی تنقید دوسرے شخص کیلئے نصیحت اور اس کی غلطیوں کی نشاندہی کا سبب بن سکتی ہے ۔