اسلام آباد (نیوز ڈیسک)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ بنیادی صحت کی سہولیات ہر پاکستانی کا حق ہے اور حکومت عام آدمی کی ان تک رسائی یقینی بنائے گی۔ پیر کو وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے عالمی ادارہِ صحت کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے ملاقات کی جس میں نگران وفاقی وزیرِ صحت ڈاکٹر ندیم جان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی ۔
ملاقات میں وزیر اعظم نے عالمی ادارہ صحت اور دیگر شراکت داروں کا پاکستان کے شعبہ صحت میں اصلاحات میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں وزیرِ اعظم نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پورے پاکستان بشمول گلگت بلتستان و آزاد کشمیر میں بنیادی صحت مراکز کی اَپ گریڈیشن کے اقدام پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ عالمی ادارہ صحت کے عطیہ کردہ موبائل ہیلتھ کلینکس و ایمبیو لینسسز سے بنیادی صحت کی سہولیات عام آدمی کی دہلیز تک پہنچائی جائیں گی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ دور دراز علاقوں میں مقیم لوگوں تک بنیادی صحت کی سہولیات پہنچانے کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹس کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ انوار الحق نے کہاکہ بنیادی صحت کی سہولیات ہر پاکستانی کا حق ہے اور حکومت عام آدمی کی ان تک رسائی یقینی بنائے گی۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان میں 464 صحت کے بنیادی مراکز کی اَپ گریڈیشن ایک میگا پراجیکٹ ہے جس پر کام آئندہ دو ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کر لیا جائے گا. وزیرِ اعظم کو مزید بتایا گیا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس نہ صرف لوگوں کو علاج معالجے کی بنیادی سہولیات فراہم کریں گے بلکہ ڈیجیٹل نظام کے تحت یہ یونٹ صحت کے مرکزی نظام سے منسلک ہونگے اور مریضوں کو بڑے ہسپتالوں میں ریفر بھی کر سکیں گے۔بعد ازاں وزیرِ اعظم نے عالمی ادارہ صحت اور وزارتِ قومی صحت کے مابین لیٹر آف انڈر اسٹینڈنگ پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی اور وزیرِ اعظم نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عطیہ کی گئیں 5 ایمبیولینس، ایک موبائل کلینک اور 2 ویکسینیشن وینز کا بھی جائزہ لیا۔
٭٭٭٭٭