بیجنگ (نیوز ڈیسک) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے چین کے صدر شی جن پھنگ کے آئندہ دورہ امریکہ کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی دعوت پر، چینی صدر شی جن پھنگ چین۔
امریکی صدارتی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ جائیں گے، اور انہیں 30ویں ایپک رہنماؤں کے غیر رسمی اجلاس میں شرکت کے لیے بھی مدعو کیا جائے گا۔ دونوں سربراہان مملکت چین امریکہ تعلقات کے ساتھ ساتھ عالمی امن اور ترقی سے متعلق اہم امور پر گہرائی سے بات چیت کریں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایپک اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر صدر شی جن پھنگ کو اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے، جو کہ چین کی جانب سے ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون کو دی جانے والی اہمیت کی مکمل عکاسی کرتا ہے۔اس وقت، عالمی معیشت کو بہت سے غیر مستحکم اور غیر یقینی عوامل کا سامنا ہے، اور تمام فریقین توقع کرتے ہیں کہ ایشیا پیسیفک انجن کا کردار ادا کرتا رہے گا اور عالمی اقتصادی ترقی کی قیادت کرے گا۔ ایپک ، ایشیا پیسفک خطے میں ایک اہم اقتصادی تعاون کا پلیٹ فارم ہے۔
صدر شی جن پھنگ اجلاس میں ایک اہم خطاب کریں گے جس میں ایشیا پیسفک تعاون کو گہرا کرنے اور علاقائی اور عالمی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے بارے میں چین کی اہم تجاویز کو جامع انداز میں بیان کیا جائے گا۔