لاہور( گلف آن لائن)پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان شان مسعود نے ٹیسٹ فارمیٹ کیلئے کپتان منتخب کیے جانے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے کھیلنا ہی اعزاز کی بات ہے، ریڈ بال مشکل فارمیٹ اور یہ ایک چیلنج ہے،میرے خیال میں صرف کپتان پر نہیں بلکہ سب کھلاڑیوں پر ایک ذمہ داری ہے کہ ہم ریڈ بال کرکٹ میں پاکستان کو آگے لے کر جائیں اورایک ایسی برانڈ کی کرکٹ کھیلیں جو ہماری شناخت بنے۔
اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ااس ذمہ داری کو قبول کرتا ہوں، ہم ایسا برانڈ آف کرکٹ کھیلیں گے جو فینز کو پسند آئے، پاکستانی شائقین ہمیں سپورٹ کریں، بہتر نتائج دیں گے۔انہوںنے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی قیادت ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور اسٹیک ہولڈرز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ میں ایسی بات دیکھی کہ میں یہ ذمہ داری لے سکتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ایک بار پھر سے سب کا شکر گزار ہوں اور میں منتظر ہوں کہ ہمارے ساری کھلاڑی اور مینجمنٹ کے ساتھ مل کر ہم پاکستان کو ریڈ بال کرکٹ میں آگے لے کر جائیں۔