اسرائیلی فوج

اسرائیل کا غزہ بندرگاہ کا کنٹرول سنبھالنے کا دعوی

یروشلم(نمائندہ خصوصی) اسرائیلی فوج نے غزہ کی بندرگاہ کا کنٹرول سنبھالنے کا دعوی کر دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے غزہ بندرگاہ کا کنٹرول تقریبا مکمل طور پر حاصل کر لیا ہے جسے حماس دہشت گردی کے مقاصد کے لیے استعمال کر رہی تھی۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگری نے کہا کہ المرسی کے علاقے کی تمام عمارتوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے اور اس آپریشن میں تمام فورسز حصہ لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوج نے غزہ میں بندرگاہ کے علاقے کا بھی کنٹرول سنبھال لیا ہے اور علاقے کی تمام عمارتوں کو کلیئر کر دیا ہے جبکہ اسرائیلی فورسز نے 10 مجاہدین کی ہلاکت کا بھی دعوی کیا ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ تقریبا 10 سرنگوں کی گزرگاہیں اور 4 عمارتیں تباہ کر دی گئی ہیں جو دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچیکا حصہ تھیں۔

انہوں نے حماس پر الزام لگایا کہ وہ اس بندرگاہ کو دہشت گردی کے مقاصد اور بحری افواج کے لیے تربیتی سہولت کے طور پر استعمال کر رہی تھی۔دوسری طرف اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مشرقی علاقوں پر رات کے وقت پمفلٹ گرائے جن میں خان یونس کے مشرق میں رہنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوجی کارروائی سے قبل فوری طور پر علاقہ خالی کریں۔
٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں