کراچی (گلف آن لائن)پاکستانی گلوکار علی ظفر نے دبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں ڈیفا ایوارڈ حاصل کر لیا، اس موقع پر وہ مظلوم فلسطینیوں کو نہیں بھولے۔گزشتہ روز دبئی کے ‘دبئی فیسٹیو سٹی مال’ کے ‘فیسٹیول بے’ میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی گلوکار کو رواں سال کے ‘بہترین پاکستانی گلوکار’ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ڈسٹنکٹیو انٹرنیشنل عرب فیسٹیول ایوارڈ (ڈیفا) کی تقریب میں علی ظفر نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد غزہ میں شہید ہونے والے معصوم و نہتے فلسطینیوں کو یاد رکھا۔
انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آرٹسٹ اور سب سے بڑھ کر انسان ہونے کی حیثیت سے اس ظلم کے خلاف کھڑے ہونے اور ہر پلیٹ فارم پر اپنی موثر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے تاکہ جو غزہ میں ہو رہا ہے یا گزشتہ کئی دہائیوں سے فلسطین میں ہوتا آیا ہے، اس ظلم و بربریت کا سلسلہ تھم سکے۔تقریب میں جہاں پاکستان و بھارت سمیت دیگر عرب ممالک سے فنکاروں نے شرکت کی، وہیں گلوکار علی ظفر نے اپنی سْریلی آواز کا جادو بھی چلایا۔