لاہور( گلف آن لائن)جنوب مشرقی ایشیا ء کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 8فیصد اضافہ ہوگیا جبکہ جاری مالی سال کے پہلے 4ماہ میں تجارتی خسارے میں سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی۔مالی سال کے پہلے 4ماہ میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 8فیصد کا اضافہ جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 31 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4ماہ میں انڈونیشیاء ، ملائیشیاء ، سنگاپور، تھائی لینڈ اور جنوبی مشرقی ایشیا کے دیگر ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 420.87ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 8فیصد زیادہ ہے،
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک کو برآمدات سے ملک کو 390.56ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو 135.88 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو ستمبر میں 99.75ملین ڈالر اور گزشتہ سال اکتوبر میں 88.24ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023 میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.297ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4ماہ میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 31فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے،
جولائی سے اکتوبر تک کی مدت میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر 2.330ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.049ارب ڈالر تھا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اکتوبر میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کا حجم 658.62ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر میں 492.68ملین ڈالر اور گزشتہ سال اکتوبر میں 594.89ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023 میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر 7.455ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔