مقبوضہ بیت المقدس(گلف آن لائن)فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کا کوئی سکیورٹی یا فوجی حل نہیں ہے۔ غزہ فلسطینی ریاست کا اٹوٹ حصہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران محمود عباس نے القدس سمیت غزہ کی پٹی یا مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی نقل مکانی کو مکمل طور پر مسترد کرنے کے اپنے موقف کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیلی حکام کے غزہ کی پٹی کو القدس سمیت مغربی کنارے سے الگ کرنے اور اس پر دوبارہ قبضہ کرنے یا اس کے کسی حصے کو کاٹ دینے کے منصوبے کو قبول کرنا ممکن نہیں ہے۔
فلسطینی صدر نے زور دے کر کہا کہ سلامتی اور امن دو ریاستی حل کے مطابق سیاسی حل کی طرف بڑھنے سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ بین الاقوامی جواز اور عرب امن اقدام کی بنیاد پر فلسطین کی سرزمین پر اسرائیلی قبضہ کو ختم کرنا ہوگا۔صدر نے اپنے مہمان برطانوی وزیر خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست فلسطین کو تسلیم کریں اور اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت حاصل کرنے کے لیے اس کی کوششوں کی حمایت کریں۔