بیجنگ (گلف آن لائن)
بیجنگ میں پاکستان ایمبیسی کالج کے زیر اہتمام سالانہ بین الاقوامی ثقافتی دن کا انعقاد کیا گیا۔اتوار کے روز چینی نشر یاتی ادارے کے مطا بق چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اس تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب میں روایتی موسیقی کے ساتھ ساتھ چین اور پاکستان سمیت 40 سے زائد ممالک کے فنون لطیفہ، ملبوسات اور کھانوں کی نمائش بھی کی گئی۔ تقریب میں کالج کے طلباء ،والدین، اساتذہ، پاکستانی اور بین الاقوامی برادری کے ارکان کے ساتھ ساتھ سفارتی عملے نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے اپنے خطاب میں ایمبیسی کالج اور اس کے طلباء کو بہترین تنظیم اور مختلف ثقافتوں اور روایات کے درمیان باہمی تفہیم، احترام اور تعاون کو فروغ دینے والی شاندار پرفارمنسز پیش کرنے پر سراہا۔ انہوں نے ثقافت کو قوموں کے درمیان پل اور دوستی کو فروغ دینے کا ایک طاقتور ذریعہ قرار دیا۔ خلیل ہاشمی نے چین پاکستان تعلقات کے لئے بین الاقوامی ثقافتی دن کی تقریبات کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ایسی تقاریب چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تشکیل کو فروغ دینے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہیں ۔
پاکستان ایمبیسی کالج کی جانب سے ہر سال بین الاقوامی ثقافتی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد ادارے کی باہمی سیکھ، احترام اور تعاون کی بنیادی اقدار کو اجاگر کرنا ہوتاہے۔