لاہور (گلف آن لائن) خوبرو اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے صرف ان کو نکھارنے کی ضرورت ہے ، ٹی وی ڈرامہ انڈسٹری اس وقت اپنے عروج کے دور سے گزر رہی ہے اور فلم انڈسٹری بھی بہتری کی طرف جا رہی ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا چاہیے جو مستقبل میں سینئرز کا خلا پر کر سکے۔ ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس موضوعات کی کمی نہیں بلکہ ایسے موضوعات ہیں جن پر بے شمار فلمیں بن سکتی ہیں ،
روائتی فلمیں دیکھ کر لوگ اکتاہٹ محسوس کرنا شروع کر دیتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ نئے موضوعات پر اچھوتی فلمیں بنائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس حد تک بھی ممکن ہو سکے اچھا کام کرنے کی کوشش کرتا ہوں اور بعد میں جب بھی اپنا کام دیکھتا ہوں تو ذہن میں یہ بات آتی ہے کہ میں اس سے بہتر اداکاری کر سکتا تھا ۔