لاہور(گلف آن لائن)سینئر ہدایتکارہ سنگیتا بیگم نے کہا ہے کہ مجھے یہ اعزازحاصل ہے کہ میں نے صرف 18سال کی عمر میں بطور ہدایتکارہ فرائض سر انجام دئیے اور یہ اعزاز آج تک بر قرار ہے ،فلم انڈسٹری میں ایک دور ایسا بھی تھا کہ میرے پاس بیک وقت پانچ پانچ فلمیں ہوتی تھیں ۔ ایک انٹر ویو میں سنگیتا بیگم نے کہا کہ 18سال کی عمر میں بطور ہدایتکارہ پہلی فلم ” سوسائٹی گرل ‘ ‘ بنائی تھی ، اس کے ہیرو غلام محی الدین تھے اور جب وہ آئے تو میں نے انہیں کہا کہ بیٹا اپنا سکرپٹ یاد کر لیں اور وہ بیٹا کہنے پر حیرت سے مجھے دیکھنا شروع ہو گئے ۔
انہوں نے کہا کہ میری والدہ کو فلموں کا بڑا شوق تھا اور وہ اکثر نگار ایوارڈ کی تقریب میں جایا کرتی تھیں ،ان کی خواہش تھی کہ میں فلموں میں کام کروں اور میں نے 12سال کی عمر میں شوبز میں کام شروع کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بطور ہدایتکار ہ فلم ”مٹھی بھر چاول ”میرے دل کے بہت قریب ہے جو ایک آرٹ مووی تھی اور اس کی بھارت میں بھی کاپی کی گئی ۔