عرفان صدیقی

نوازشریف کی قیادت میں میڈ ان پاکستان کا فروغ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے، سینیٹر عرفان صدیقی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاہے کہ نوازشریف کی قیادت میں میڈ ان پاکستان کا فروغ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے، نواز شریف نے دہشت گردی، توانائی کے بحران ختم کئے، ترقی کی شرح 6.1 اور مہنگائی کی شرح 3.8 فیصد پر لائے،معاشی و قومی حالات کی گاڑی غیرمعمولی محنت اور تجربہ کار ٹیم ہی ٹھیک کر سکتی ۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی ،وفد کی قیادت فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کی ۔سینیٹر عرفان صدیقی نے وفد کی آمد اور منشور کی تیاری کے لئے تجاویز پر شکریہ ادا کیا ۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ فیصل آباد شہر معاشی سرگرمیوں کا مرکز اور فیصل آباد چیمبر پاکستان کا بڑا چیمبر ہے، معیشت کا پہیہ چلانے میں آپ کا بڑا کردار ہے۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی عدم استحکام نے معاشی ترقی کو مسلسل متاثر کیا ہے، معاشی و قومی ترقی کے سفر میں پیچھے رہنے کے ذمہ دار ہم خود ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نوازشریف کی قیادت میں ‘میڈ ان پاکستان’ کا فروغ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔

انہوںنے کہاکہ نیب کا ایک بھی کیس قانونی اور عدالتی میرٹ پر عدالتوں میں اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکا۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے دہشت گردی، توانائی کے بحران ختم کئے، ترقی کی شرح 6.1 اور مہنگائی کی شرح 3.8 فیصد پر لائے۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کی حکومت اور پالیسیاں جاری رہتیں تو ملک اور عوام آج بدحالی کی اس انتہا کو نہ پہنچتے۔ انہوںنے کہاکہ منشور میں پاکستان کی معاشی بحالی اور خود انحصاری کے لئے قابل عمل تجاویز دیں گے، معاشی و قومی حالات کی گاڑی غیرمعمولی محنت اور تجربہ کار ٹیم ہی ٹھیک کر سکتی ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ عام انتخابات کے بعد ایک متعین مدت کے اندر انتخابات کرانے کی تجویز منشور میں شامل کرنا زیر غور ہے۔ وفد نے مطالبہ کیاکہ ناانصافی پر مبنی نیب کا ادارہ ختم کرنے کی تجویز منشور میں شامل کی جائے۔ ڈاکٹر خرم طارق نے کہاکہ پالیسی ریٹ میں بے تحاشہ اضافے نے کاروبار کرنا مشکل بنا دیا ہے، نواز شریف کا چیمبرز کا دورہ کرنا خوش آئند ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا اوڑھنا بچھونا پاکستان ہے، اسی وطن نے ہمیں سب کچھ دیا ہے، اس کی ترقی چاہتے ہیں، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے، ہنرمند افرادی قوت کی برآمد، سرٹیفائیڈ تربیت کے اداروں کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹرخرم طارق نے کہاکہ 40 فیصد جی ڈی پی این او سیز کی نذر ہوجاتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ 2017 میں نواز شریف نے سنگل ونڈو کا نظام دیا تھا، جسے دنیا نے اپنایا، اس نظام کو سب جگہ لاگو کیا جائے۔وفد نے زراعت، آبی ذخائر، پانی کے باکفایت استعمال، آئی ٹی، برآمدات میں اضافے، ٹیکس، قانونی اور زرعی اصلاحات، موسمیاتی تبدیلیوں سمیت دیگر شعبوں سے متعلق تجاویز دیں۔وفد نے منشور کی تیاری میں کاروباری برادری اور دیگر شعبوں سے مشاورت کے اقدام کو سراہا، سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چئیرمن اور فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد، فیصل آباد چیمبر کی مشرق وسطی اور بین الاقوامی تجارت کے فروغ کی کمیٹی کے چئیرمن حافظ شفیق کاشف اور حاجی محمد اسلم بھلی بھی وفد میں شامل تھے۔وفد نے ملاقات کے لئے وقت دینے پر سینیٹر عرفان صدیقی کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں