عمان(گلف آن لائن)اردن کے شاہ عبداللہ نے غزہ پر اسرایلی جنگی مہم کو انسانی اقدار کی نفی قرار دیا ہے، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وہ اردنی سرکاری میڈیا پر اس امر کا اظہار کر رہے تھے۔اس موقع پر شاہ عبداللہ نے مغربی کنارے کے عوام کے خلاف اسرائیل کی جاری کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں بھی انسانی اقدار سے عاری اور شہریوں کے حق زندگی کے خلاف کارروائیاں قرار دیا ۔ شاہ عبد اللہ نے جنگ کے فوری خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کی کئی ہفتوں تک ناکہ بندی کر کے غزہ کے شہریوں کو ادویات تک سے محروم کر دیا۔شاہ عبداللہ نے اسرائیل کی طرف سے مسلسل کی گئی ناکہ بندی کے حوالے سے کہاکہ غزہ کے لوگوں کو خوراک سے محروم رکھنے کے لیے لاک ڈاون جاری رکھا گیا ، حتی کہ شہرویوں کو پانی اور بجلی تک سے محروم کر دیا گیا۔ یہ سب جنگی جرائم ہیں، جن کا اسرائیل نے ارتکاب کیا ہے۔انہوں نے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے جنگی جرائم پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔