اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی ) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ حلقہ بندیاں شائع ہوچکیں ہیں، باقی سب کچھ اپنے وقت پر ہوگا۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ نے کہا کہ ہم سب کچھ اپنے وقت سے پہلے کررہے ہیں، الیکشن شیڈول، آر آوز اور ڈی آر آوز کی تعیناتی بھی وقت پرہوگی۔
انتخابی شیڈول سے متعلق سوال پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا کہنا تھا 8 فروری سے پیچھے 54 دن کا حساب لگا لیں۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں 8 فروری کو انتخابات کروانے کا اعلان کر رکھا ہے اور گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی حتمی فہرست جاری کی تھی جس کے تحت ملک بھر سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے 266 حلقے ہوں گے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں کے 593 حلقے ہوں گے۔