اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں مزید تاخیر نئی آئینی خلاف ورزی ہو گی،عام انتخابات 8فروری 2024 کو ہونے چاہئیں،
اپنے بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ سینیٹ کا نیا پارلیمانی سال 12مارچ 2024 کو شروع ہو گا، اس سے قبل آدھے سینیٹرز ریٹائرڈ ہو چکے ہوں گے، صوبائی و قومی اسمبلیوں کا ایلکٹرول کالج منتخب نہ ہوا تو 12مارچ 2024 سے سینیٹ غیر فعال ہو جائے گی،انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام معیشت کو مزید کمزور کر دے گا،رضا ربانی کا مزید کہنا ہے کہ نگراں حکومت کے پاس 90دن کا آئینی مینڈیٹ ہے، پاکستان کے حکمراں طبقے کو آئین سے کھیلنا بند کرنا ہو گا،
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حالات میں کوئی پارلیمنٹ نہیں ہو گی اور یہ آئین کی خلاف ورزی ہو گی۔