کراچی (نمائندہ خصوصی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کی مناسبت سے نیب کے تحت گورنر ہاؤس میں منعقدہ سیمینار میں شرکت کی۔ سیمینار میں آئی جی سندھ پولیس رفعت مختار،چیئرمین نیب ،ڈپٹی چیئرمین ، سابق وفاقی وزیر بیرسٹر شاہدہ جمیل ،معروف مذہبی اسکالرمولانا بشیر فاروقی، فیصل ایدھی، صارم برنی، بہروز سبزواری ودیگر بھی شریک تھے۔
گورنر سندھ نے ڈی جی نیب کراچی اور ان کی ٹیم کو سیمینار کے شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بدعنوانی سے پاک معاشرے کے لئے پرعزم رہنا ہے، کرپشن معاشرے اور ملک کی معیشت کو شدید متاثر کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر ہم ایک مضبوط اور فلاحی ریاست چاہتے ہیں تو ہمیں کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ نیب آگاہی، روک تھام اور انفورسمنٹ کی تین جہتی حکمت عملی کے تحت کام کر رہا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ملک فرد سے نہیں قوم سے آگے بڑھتے ہیں، آج ہم یہاں انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر بدعنوانی کے خلاف جمع ہوئے ہیں، لیکن افسوس کے ساتھ کہتا ہوں آزادی کے 76 برسوں کے بعد بھی ہم وہیں کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم میں سے ہر ایک کو اپنی ذمہ داری کا جواب دینا ہے، ڈر و خوف سے بالا تر ہو کر کام کرنا ہے، اور آنے والی نسلوں کے لئے کچھ نہ کچھ کرنا ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے لیکن ہم آج بھی ایک اور دو بلین ڈالر قرضہ ملنے پرخوشیاں مناتے ہیں، ہر صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، انہوں نے کہا کہ ہم وہاں کی تیاری نہیں کررہے جہاں ہر ایک کو جانا ہے، ہمیں خود ہی ایک دوسرے کا مسیحا بننا ہے۔