مقبوضہ بیت المقدس(گلف آن لائن)فلسطین کی مزاحمت پسند تنطیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہے جنگ کے بعد غزہ کے لیے کوئی بھی ایسا منصوبہ جس میں حماس شامل نہ ہو محض فریب ہوگا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کا ایک خطاب میں کہنا تھا اسرائیلی کارروائی کے خاتمے اور غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے گھروں کی تعمیر نو کے لیے بات چیت پر آمادہ ہیں۔7 اکتوبر سے شمالی و جنوبی غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری اور زمینی آپریشن میں اب تک ساڑھے 18 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 50 ہزار کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔
لیکن جنگی جنون میں مبتلا اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا عالمی دبا کو نظرانداز کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اسرائیل آخر تک جنگ جاری رکھے گا، ہمیں کوئی چیز جنگ سے نہیں روک سکتی۔یتن یاہو کا کہنا تھا کہ حماس کے خاتمے اور فتح کے حصول تک غزہ میں اسرائیل کی جنگ جاری رہے گی۔چند روز قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کی متحدہ عرب امارات کی قرارداد امریکا نے ویٹو کر دی دی تھی جبکہ 13 ممالک نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا اور برطانیہ نے خود کو ووٹنگ کے عمل سے باہر رکھا تھا۔