بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ میں مکاؤ خصوصی انتظامی علاقے کے چیف ایگزیکٹو حہ ای چھنگ سے ملاقات کی اور ان سے مکاؤ کی موجودہ صورتحال اور مکاؤخصوصی انتظامی علاقے کے حکومتی امور پر ایک رپورٹ سنی۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران چیف ایگزیکٹو حہ ای چھنگ نے خصوصی انتظامی علاقے کی حکومت کی قیادت کرتے ہوئے عملی اور امید افزا کارگردگی کا مظاہرہ کیا ، مکاؤ کے قومی سلامتی کے تحفظ کے قانون میں ترمیم کومکمل کیا ، ہینگ چھن میں گوانگ ڈونگ- مکاؤ ڈیپ کوآپریشن زون کی تعمیر کو فروغ دیا،
اور بیرونی تبادلے اور تعاون کو بڑھانا جاری رکھا۔صدر شی نے کہا کہ مکاؤ کی معیشت تیزی سے بحال ہوئی ہے اور معاشرے میں ہم آہنگی اور استحکام برقرار ہے۔ مرکزی حکومت چیف ایگزیکٹو اور مکاؤ خصوصی انتظامی علاقے کی حکومتی امور کی مکمل تصدیق کرتی ہے۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ مرکزی حکومت ہمیشہ کی طرح “ایک ملک، دو نظام” کی پالیسی کو جامع، درست اور غیر متزلزل طور پر نافذ کرتی رہے گی، “مکاؤ پر محب وطن حکمرانی ” کے اصول کو مکمل طور پر نافذ کرے گی، ملک کی ترقی سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں مکاؤ کی مکمل حمایت کرے گی اور نئے ترقیاتی نتائج کے ساتھ مادر وطن کی آغوش میں مکاؤ کی واپسی کی 25 ویں سالگرہ منانے کی حمایت بھی کرے گی۔