اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی ) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی )نے کاغذات نامزدگی سے متعلق امیدواروں کی سہولت کیلئے کا ہدایت نامہ جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق کاغذات نامزدگی 20 تا 22 دسمبر تک جمع کروائے جاسکتے ہیں، کاغذات نامزدگی کا فارم حاصل کرنے کی فیس 100 روپے مقررہے۔ ایک امیدوارمختلف تجویزاورتائید کنندگان کےساتھ زیادہ سےزیادہ 5 کاغذات نامزدگی جمع کراسکتا ہے۔ قومی اسمبلی کینشست کے امیدوار کے لیے فیس 30 ہزار روپے جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست کےامیدوار کے لیے فیس 20 ہزار روپے جو ناقابل واپسی ہے،
امیدوار گزشتہ تین سال کا انکم ٹیکس ریٹرن کاغذات نامزگی کے ساتھ منسلک کرے گا۔ امیدوار کیلئے بنیادی اہلیت میں پاکستان کا شہری اورعمر25 سال سے کم نہ ہو، قومی اسمبلی کی نشست کیلئے امیدوار کا پاکستان میں کسی بھی جگہ کا ووٹرہونا جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیےامیدوارکا متعلقہ صوبےکا ووٹرہونا ضروری ہے۔
کاغذات نامزدگی کے ساتھ امیدوارتجویز کنندہ و تائید کنندہ کے شناختی کارڈ کی مصدقہ نقول اور ووٹ سرٹیفیکیٹ بھی لازمی ہے جبکہ امیدوار کی جانب سے پاسپورٹ کی مکمل نقل کاغذات نامزگی کے ساتھ منسلک کی جائے گی۔ امیدوار کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی فیس براہ راست ریٹرننگ آفیسر یا بذریعہ بینک ڈرافٹ جمع کروائے گا۔
قومی اسمبلی کے لیے خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امید وار کا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونا لازمی ہے، امیدوار آرٹیکلز 62 اور 63 پر پورا نہ اترنے کی صورت میں نااہل ہوگا، جنرل نشستوں کے امیدوار کے تجویز و تائید کنندہ کا متعلقہ حلقے کا ووٹر ہونا لازم ہے۔
قومی و صوبائی اسمبلی کی خواتین اور غیر مسلم نشستوں کے تجویز اور تائید کنندگان کا متعلقہ صوبے کا ووٹر ہونا لازم ہے، اسمبلی کے لیے غیر مسلم نشستوں کے لیے امیدوار کے تجویز و تائید کنند و پاکستان کے کسی بھی حصے کے ووٹر ہو سکتے۔