کراچی (گلف آن لائن)گلوکار و موسیقار شیراز اپل نے کہا ہے کہ ‘فنکاری’ گانا میں نے لکھا تھا، پاس سارے ثبوت موجود ہیں ، آئمہ بیگ سے تنازع حل ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شیراز اپل نے حال ہی میں نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے رواں سال ریلیز ہونیوالے نئے گانے فنکاری سے متعلق آئمہ بیگ کیساتھ ہونیوالے تنازع کے بارے میں بات کی۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک فنکاری تھی جو میرے ساتھ کی گئی تھی لیکن میں نے بھی معاملہ حل کروالیا کیونکہ بہت سے مشہور گلوکاروں کے مشہور گانوں کی موسیقی تخلیق کرنے کے بعد اب اپنے کیریئر کی جس اسٹیج پر اس وقت موجود ہوں وہاں اب مجھ سے یہ بات برداشت نہیں ہوتی کہ کوئی بھی کسی کا کریڈٹ کھا جائے اور ہماری انڈسٹری میں لوگ کریڈٹ کھانے کے بہت ماہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں انڈسٹری میں نئے آنے والے لوگوں کے لیے ایک مثال قائم کرنا چاہتا تھا کیونکہ جو نئے لوگ ہیں وہ اپنے حق کیلئے آواز نہیں اٹھا سکتے کیونکہ ان کو ڈر ہوتا ہے کہ پھر مستقبل میں انہیں مزید کام حاصل کرنے میں دشواری ہوگی لیکن میں الحمد للہ اس پوزیشن میں ہوں کہ اپنے حق کیلئے بول سکوں ،میں نے آئمہ بیگ کو جواب دیا تاکہ جو نئے لوگ آ رہے ہیں ان میں بھی اپنے حق کیلئے آواز اٹھانے کیلئے اعتماد آئے۔
انہوں نے کہا کہ آئمہ مجھ سے اس بات پر بحث کر رہی تھیں کہ فنکاری گانا، شکیل سہیل جوکہ میرے قریبی دوست تھے انہوں نے لکھا ہے۔شیراز اپل نے بتایا کہ میں نے آئمہ کو یہ بات واضح کی کہ شکیل سہیل جون 2020 میں انتقال کرگئے تھے اور میں نے فنکاری گانے کی شاعری نومبر 2020 میں لکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اگر فنکاری گانا شکیل سہیل نے لکھا ہوتا تو وہ میرے بڑے اچھے دوست تھے میں ان کا کریڈٹ کبھی بھی نہیں کھاتا لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ گانا ان کے انتقال کے 6ماہ بعد میں نے لکھا ہے۔گلوکار نے کہا کہ میرے پاس سارے ثبوت ہیں جوکہ میں نے آئمہ کو دکھائے تو انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔