اسلام آباد (گلف آن لائن ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے مبینہ غیر شرعی نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔
سینئر سول جج قدرت اللہ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کی۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان گل عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ عدالت نے جیل ٹرائل کا آرڈر کیا تھا، ہم نے بشریٰ بی بی کو جیل بھیج دیا، ملزمہ کے ضمانتی مچلکے تیار کرلیے گئے ہیں۔
جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ملزمہ کو عدالت آنا ہوگا، جب بتا دیا تھا کہ جیل میں ٹرائل نہیں ہے تو ان کو عدالت آنا چاہیے، بشریٰ بی بی جیل کیوں گئیں، وکیل بشریٰ بی بی نے آگاہ کیا کہ ان کے پاس معلومات ہے کہ بشریٰ بی بی کو عدالت آنے میں خطرہ ہے۔
دوران سماعت جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیئے کہ آج رش نہیں ہے، عدالت بھی خالی ہے، آپ ملزمہ کو پیش کریں، عدالت نے بشریٰ بی بی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے ملزمہ کی عدالت پیشی تک وقفہ کردیا۔
بعد ازاں بشریٰ بی بی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کر دی۔