اسلام آباد(گلف آن لائن)صارفین کیلئے قیمتوں کا عمومی اشاریہ دسمبر2023 میں 29.7 فیصد اور قیمتوں کاحساس اشاریہ (ایس پی آئی)35.3 فیصدکی سطح پرریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق دسمبر2023 میں صارفین کیلئے قیمتوں کا عمومی اشاریہ (سی پی آئی) 29.7 فیصدریکارڈکیاگیا جونومبر میں 29.2 فیصد اور گزشتہ سال دسمبر میں 24.5 فیصد تھا۔
دسمبر میں قیمتوں کے عمومی اشاریہ میں 0.8 فیصد اور نومبر میں 2.7 فیصدکی نموہوئی تھی۔ شہری علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کاعمومی اشاریہ دسمبر میں 30.9 فیصدکی سطح پرریکارڈ کیا گیاجو نومبر میں 30.4 فیصد اور دسمبر2022 میں 21.6 فیصدکی سطح پرتھا، دسمبر میں شہری علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کے اشاریہ میں ماہانہ بنیادوں پر0.7 فیصد اور نومبر میں 4.3 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔دیہی علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کاعمومی اشاریہ 27.9 فیصدکی سطح ریکارڈ کیا گیا
جونومبر میں 27.5 فیصد اور دسمبر2022 میں 28.8 فیصدتھا، دسمبر میں دیہی علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں ماہانہ بنیادوں پرایک فیصد اور نومبر میں 0.4 فیصدکااضافہ ہواہے۔پاکستان بیوربرائے شماریات کے مطابق دسمبر میں صارفین کیلئے قیمتوں کاحساس اشاریہ (ایس پی آئی) 35.3 فیصدکی سطح ریکارڈ کیا گیاجونومبر میں 30.6 فیصد اور دسمبر2022 میں 27.8 فیصدتھا، دسمبر میں صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں ماہانہ بنیادوں پر3.8 فیصد اور نومبر میں 3.3 فیصدکی نموریکارڈکی گئی۔ دسمبر میں ہول سیل پرائس قیمتوں کااشاریہ 27.3 فیصدکی سطح ریکارڈ کیا گیا
جونومبر میں 26.4 فیصد اور دسمبر2022 میں 27.1 کی سطح پرتھا۔ ہول سیل پرائس قیمتوں کے اشاریہ میں دسمبرکے دوران کوئی تبدیلی نہیں ہوئی جبکہ نومبر میں اس میں 1.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔شہری علاقوں میں نان فوڈ نان انرجی بنیادی افراط زر 18.2 فیصد ریکارڈ کیاگیاہے جونومبر میں 18.6 فیصد اور دسمبر2022 میں 14.7 فیصدکی سطح پرتھا، شہری علاقوں میں نان فوڈ نان انرجی بنیادی افراط زر میں دسمبرکے دوران 0.8 فیصدکا اضافہ ہواہے۔دسمبر2023 کے دوران دیہی علاقوں میں نان فوڈ نان انرجی افراط زر کی شرح 25.1 فیصدریکارڈکی گئی ہے جونومبر میں 25.9 فیصد اور دسمبر2022 میں 19 فیصدکی سطح پرتھا۔
دسمبرکے دوران ملک میں ٹماٹرکی قیمت میں 42.26 فیصد، آلو18.59 فیصد، چائے 8.55 فیصد، چکن 4.20 فیصد، گڑ3.49 فیصد، بناسپتی گھی 2.70 فیصد، چاول 2.65 فیصد، تازہ سبزیاں 2.17 فیصد، تازہ پھل 2.17 فیصد، کوکنگ آئل 1.55 فیصد، مصالحہ جات 1.45 فیصد، سرسوں کاتیل 0.11 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 2.39 فیصد کی کمی ہوئی، اس کے برعکس پیاز کی قیمت میں 30.83 فیصد، ڈرائی فروٹس 5.16 فیصد، دال مسور5.05 فیصد، انڈے 4.73 فیصد، دال چنا 3.73 فیصد، مچھلی 3.17 فیصد، چینی 2.50 فیصد، گندم 2.16 فیصد، دال مونگ 2.01 فیصد، دال ماش 1.18 فیصد، آٹا0.82 فیصد، خشک دودھ 0.27 فیصد اور گوشت کی قیمت میں 0.20 فیصدکااضافہ ہوا۔