اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نیضلع باجوڑ میں پولیوٹیم کی حفاظت پر مامورپولیس اہلکاروں پردھشتگردانہ حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ شر پسند عناصر پولیو مہم کو روک نہیں سکتے۔ پاکستان دشمن قوتیں نہیں چاہتی کہ پاکستان میں پولیو کا خاتمہ ہوسکے۔
ان شا اللہ دشمن اپنے ناپاک ارادے میں کامیاب نہیں ہوگا اور یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور حکومت کی طرف سے ٹھوس اقدامات کی بدولت جلدپاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہوگا۔حافظ طاہر اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ من حیث القوم پولیوکے بارے میں آگاہی مہم زورشور سی چلانی ھو گی۔ انہوںنے کہاکہ پولیو مہم پورے ملک میں بھر پور جذبے سے جاری رہے گی اوراس سلسلے میں سکیورٹی کو مزید بہتر بنایاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دور دراز کے علاقوں میں پولیو ورکرز اور ان کے ساتھ تعاون کرنے والے سیکورٹی افراد کی ہمت و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔حافظ طاہر اشرفی نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لئے مغفرت کی دعا کی۔