لاہور( گلف آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریو نیو ریٹیلرز کیلئے تیار کی جانے والی مجوزہ ٹیکس اسکیم پر اعتماد میں لے ،تاجر طبقہ ٹیکسز کی ادائیگی اور روزگار کی فراہمی کی صورت میں معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے لہٰذا اسے شک کی نگاہ سے نہ دیکھیں ۔
اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر وں کی اکثریت ٹیکس نیٹ میں شامل ہے ، تاجر تنظیمیں خود بھی پیشکش کر چکی ہیں کہ مارکیٹوں کے سروے کریں لیکن ایف بی آر کی جانب سے ایسا تاثر دیا جانا کہ تاجر ٹیکس نیٹ شامل نہیں نا انصافی اور زیادتی ہے ۔ ایف بی آر ریٹیلرز پرمزید کس بنیادپر ایڈوانس ٹیکس عائد کرنا چاہتا ہے اس مجوزہ اسکیم کے حوالے سے تاجر تنظیموں کے عہدیداروں کو اعتماد میں لیا جائے ، بغیر مشاورت کسی بھی ٹیکس کے نفاذ کو مسترد کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں لاکھوں کی تعداد میں تاجر مختلف ٹیکسز کی ادائیگی اور روزگار کی فراہمی کی صورت میں معیشت میں حصہ ڈال رہے ہیں لیکن انہیں پھر بھی شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔ان شااللہ بہت جلد ملک بھر کی تاجر تنظیموں سے رابطے کر کے ساری صورتحال پر غور اور آئندہ کی حکمت عملی وضع کی جائے گی ۔