عمران خان

بانی پی ٹی آئی کے کاغذات مسترد کرنے کیخلاف درخواستوں پر فریقین سے جواب طلب

لاہور (گلف آن لائن) لاہور ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کے لاہور کے حلقے این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواست پر فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے کل (منگل ) جواب طلب کر لیا۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں3رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ صرف سزا یافتہ ہونا کافی نہیں ہے، درخواست میں الیکشن کمیشن، ایپلیٹ ٹریبیونل اور اعتراض گزار کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی غیر قانونی طور پور پر مسترد کیے گئے ہیں، عدالت بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی منظور کرے۔

عدالت نے درخواست پر فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے کل (منگل ) جواب طلب کر لیا۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے این اے 122اور این اے89 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا اقدام چیلنج کر رکھا ہے۔خیال رہے کہ 12جنوری کو لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122سے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا اقدام ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

سابق وزیر اعظم نے اپنی لیگل ٹیم کے ذریعے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں