اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 16 سے 22 جنوری 2024 تک یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ 17 سے 20 جنوری 2024 تک غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے سربراہان مملکت و حکومت کے 19ویں اجلاس اور 21 اور22 جنوری کو تیسری سائوتھ سمٹ میں21 شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں سربراہی اجلاس ممبران کے لیے عالمی، علاقائی، سیاسی اور سماجی اقتصادی مسائل پر مشترکہ موقف پر غور کرنے اور اس کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔دیرینہ رکن کے طور پر پاکستان نے غیر وابستہ تحریک کے ایجنڈے کی تشکیل میں کردار ادا کیا ہے اور امن اور سلامتی سے متعلق علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں” این اے ایم” کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
اسی طرح پاکستان گروپ 77 اور چین کا ایک فعال رکن رہا ہے اور پائیدار ترقی، غربت کے خاتمے اور ماحولیاتی تبدیلیوں سمیت” گلوبل ساؤتھ” کے درمیان تعاون کو اعلیٰ ترجیح دیتا ہے۔ غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے سربراہی اجلاس میں، وزیرخارجہ بین الاقوامی امن، سلامتی اور ترقی سے متعلق مقامی اور عصرحاضر عالمی چیلنجوں پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
وہ کثیرالجہتی کو مضبوط بنانے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کو فروغ دینے کے لیے” این اے ایم ”کے کردار کو تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیں گے۔ساؤتھ سمٹ میں وزیر خارجہ مشترکہ چیلنجزپر روشنی ڈالنے کے علاوہ خوشحال اور متحد جنوب کے ایجنڈے پر اتفاق کرنے کے لیے” گلوبل ساؤتھ” کے ممالک کے درمیان تعاون اور یکجہتی کو بڑھانے پر پاکستان کا وڑن پیش کریں گے۔
دونوں سربراہی اجلاسوں کے موقع پر وزیر خارجہ کی دیگر شریک ممالک کے وفود کے سربراہان سے بھی دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔