لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے میٹرو بس کو قصور تک توسیع دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام نے نوازشریف کو 8فروری کو دوبارہ منتخب کیا تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی،
عوام نے شیر پر دوبارہ مہر لگا کر ملک سے غربت ، بیروزگاری کاخاتمہ اور خوشحالی کا دوبارہ آغاز کرنا ہے ،پانی کی بات وہ کرتے ہیں جن کے اپنے صوبے میں پانی نہیں ملتا، یہاں تو پانی بھی ملتا ہے اور کھانا بھی ملتا ہے۔ حلقہ این اے 123میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں ریلیوں کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ جب نوازشریف نے اس شہر میں میٹرو بنائی تھی تو اس وقت اس کی بڑی مخالفت کی گئی ،
کسی نے اسے جنگلہ بس کہا ، کسی نے کہا یہ تو نیچے چلتی ہے اوپر کیسے چلے گی ،طرح طرح کے بے بنیاد الزامات لگائے گئے لیکن آٹھ سال سے میٹرو چل رہی ہے ، عوام سے وعدہ ہے اس میٹرو کو قصور تک لے کر جائیںگے ۔شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کوکس نے لیپ ٹاپ دئیے ، کون تھا جس نے تعلیمی وظائف دئیے ،کس نے صوبے میں پی کے ایل آئی بنایا جہاں گردے اور جگر کا علاج ہوتا ہے
،کون تھا جس نے سرکاری ہسپتالوںمیں مفت ادویات دیں ،ہمارے دور میں ہر ہسپتال میں غریبوںکے لئے مفت ادویات فراہم کی جاتی رہیں ،آپ بتائیں کون تھا جس نے اس صوبے کو برباد کرنے کی کوشش کی ،عوام کے لئے مفت ادویات تک بند کر دیں۔انہوںنے کہا کہ میں آپ کو یہ بتانے آیا ہوں کہ 8فروری کو اگرآپ نے نواز شریف کو دوبارہ ووٹ دے کر وزیر اعظم بنایا تو وعدہ کرتا ہوں نواز شریف کی قیادت میں دوبارہ نوجوانوںکو لیپ ٹاپ دیںگے ،
تعلیمی وظائف دیںگے ،مفت ادویات مہیا کریںگے ۔انہوں نے کہا کہ پانی کی وہ بات کرتے ہیں جن کے اپنے صوبے میںپانی نہیںملتا ،وہ یہاںپانی دینے کی بات کر رہے ہیں، یہاں تو پانی بھی ملتا ہے اور کھانا بھی ملتا ہے ،عوام نے 8تاریخ کو پاکستان کی قسمت بدلنی ہے تو شیر پر مہر لگائیںمشیر پر مہر لگا کرغربت اور مہنگائی کا خاتمہ کرنا ہے،خوشحالی کا دوبارہ آغاز کرناہے ۔