کراچی(گلف آن لائن) آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز کا کپتان مقرر کیے جانے کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آل راؤنڈر ٹی20 ورلڈ کپ میں کپتانی کے لیے مضبوط امیدوار ہوں گے۔
آسٹریلوی سلیکٹرز نے ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ آسٹریلیا کا مستقل ٹی20 کپتان کون ہوگا تاہم ٹی20 ورلڈ کپ 2022 میں ایرون فنچ کے ریٹائرڈ ہونے کے بعد کینگروز نے اب تک صرف دو ٹی20 سیریز کھیلی ہیں۔جنوبی افریقا کے خلاف ٹی20 سیریز کی کپتانی مچل مارش کو سونپی گئی تھی جس میں آسٹریلیا نے تین صفر سے پروٹیز کو شکست دی تھی جبکہ ورلڈ کپ 2023 کے فوراً بعد بھارت کے خلاف ٹی20 سیریز کی کپتانی میتھیو ویڈ کو دی گئی۔
سلیکٹرز کے چیئرمین جارج بیلی نے بتایا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے بعد ٹیم کے مستقل کپتان کا فیصلہ کیا جائے گا۔مچل مارش پہلی مرتبہ اپنی سرزمین پر کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔ ٹی20 اسکواڈ میں ڈیوڈ وارنر، ٹم ڈیوڈ اور مارکس اسٹونس شامل ہیں۔