اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں تاجکستان کے سفیر نے الوداعی ملاقات کی ہے۔صدرِ مملکت نے ملاقات کے دوران اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان مزید تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامو فوبیا اور سائنس و ٹیکنالوجی پر اسلامی دنیا میں تعاون ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دورِ جدید کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانا ہو گا، پاکستان تاجکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔صدرِ پاکستان نے کہا کہ تاجکستان پاکستان کا سب سے قریبی وسطی ایشیائی پڑوسی ملک ہے،دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں اسرائیلی فورسز انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔