کراچی (گلف آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مشی خان نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے پریشان صارفین کو ایک اہم مشورہ دے دیا۔
مشی خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اْنہیں ایسے لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیتے دیکھا جاسکتا ہے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے پریشان ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی سمجھ نہیں آتی کہ ہمارے پاس یہ جتنے بھی پلیٹ فارمز ہیں انسٹاگرام، فیس بک اور ٹک ٹاک وغیرہ یہاں پوری دنیا سے لاکھوں لوگ موجود ہیں تو جب اپنی زندگی کے خوشگوار لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہوتے ہیں تو پھر آپ کیسے یہ توقع رکھ سکتے ہیں کہ ان تصاویر اور ویڈیوز پر دوسرے لوگ اپنی رائے کا اظہار نہیں کریں گے۔
اْنہوں نے مزید کہا کہ لیکن اگر کوئی اپنی نجی زندگی کے خوشگوار لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا ویب سائٹس پر شیئر کرتا ہے تو پھر اسے تنقید سننے کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے۔مشی خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگ موجود ہیں جن کی اپنی اپنی رائے ہے تو پھر ایسے میں قصور وار عوام نہیں ہے جو کسی کی نجی زندگی کے بارے میں شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز پر تنقید کر رہی ہے بلکہ قصور وار وہ ہے جس نے اپنی نجی زندگی کے بارے میں چیزیں خود سوشل میڈیا پر شیئر کیں کیونکہ اسے چاہیے کہ عقل سے کام لے اور اپنی نجی زندگی کے بارے میں کچھ بھی سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرے۔